پشتون افغان ملت کو درپیش سنگین حالات اور استحصال سے نجات کیلئے منظم جدوجہد لازمی ہے: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

وسائل پر استعماری قبضہ اور بدامنی کا مقصد محکوم اقوام کی قومی محکومی کو طول دینا ہے؛ ضلعی کمیٹی پشین کا اجلاس


خانوزئی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہاہے کہ پشتون افغان ملت کو درپیش سنگین حالات اور اذیت ناک صورتحال ہماری قسمت نہیں بلکہ سیاسی، معاشی، ثقافتی اور قومی محکومی، قومی واک و اختیار سے محرومی پشتونخوا وطن کی غیر فطری انتظامی تقسیم ہر قسم کے معدنی وسائل پر استعماری قبضہ اور ان کی لوٹ مار اور ہر شعبہ زندگی میں بد ترین استحصال نے پشتون عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔ اس گھمبیر صورتحال سے اپنی ملت کو نجات دلانے کیلئے منظم اور نظریاتی پختگی کے ساتھ قربانیوں سے لبریز جدوجہد لازمی ہے۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے ہر قسم کے مشکل حالات کا جواں مردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور پارٹی کے تمام اداروں کی فعالیت کو دوبالا کرتے ہوئے عوام سے قریبی رابطہ رکھنے اور غیور عوام کو پارٹی صفوں میں شامل اور منظم کرنے کیلئے جدوجہد مزید تیز کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیپ کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری و ضلع سیکریٹری ضلع پشین محمود ریاض نے ضلع پشین کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی ایگزیکٹیو مرکزی کمیٹی کے اراکین علاقائی سیکریٹریوں و سینئر معاون سیکریٹریوں نے شرکت کی اور گزشتہ رپورٹ پیش کرکے ان کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے فیصلے کیے گئے۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ اجلاسوں کے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد اور علاقائی و ابتدائی اداروں کے اجلاسوں کی بروقت اور تسلسل کے ساتھ انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ اور ماہانہ بنیادوں پر اپنی تنظیمی فعالیت کو آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سوات سے کوئٹہ سبی تک پشتونخوا وطن اور بلوچ علاقوں پر جو سنگین اور بد ترین صورتحال لاقانونیت اور بد امنی مسلط ہے اس کا مقصد پشتون، بلوچ سمیت محکوم اقوام کی قومی محکومی کو مزید طول دینا اور ان کے معدنی وسائل زرخیز زمینوں، پہاڑوں وادیوں اور جنگلات پر قبضہ کرکے ان کا مزید استحصال جاری رکھناہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون افغان غیور ملت کو تاریخ میں ہمیشہ ایسے سنگین حالات سے واسطہ کئی بار پڑاہے۔ لیکن ہمارے غیور ملت نے ہمیشہ قومی اتحاد و اتفاق بروئے کار لاتے ہوئے ہر دور کے جابر اور ظالم حکمرانوں کو شکست دیکر اپنی ملت کو نجات دی ہے۔ اور اب ابھی ہمیں قومی اتحاد و اتفاق کی راہ اپناتے ہوئے قومی مفادات اور قومی نجات کو اہمیت دیکر مشترکہ جدوجہد کو اولیت دینی ہوگی۔ اور پشتون افغان ملت کی اس ملک میں کروڑوں کی آبادی جدوجہد کی ہر شکل پر یقین رکھتے ہوئے موجودہ مرحلے میں سیاسی جمہوری مزاحمت کے ذریعے اپنی قومی نجات ممکن بناسکتے ہیں اور وقت کے آمر اور ابن الوقت حکمرانوں اور ان کے کاسہ لیسوں کے پشتون افغان دشمن سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert