اصل لڑائی کچھ اور ہے ،(ن) لیگ کی اسلام آباد والی حکومت خطرے میں ہے، الٹی گنتی شروع ہوچکی : بلاول کا باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب


باغ (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کو غلط فہمی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں، اصل میں ان کی اسلام آباد والی حکومت بھی خطرے میں ہے، ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، یہ گنتی پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی، ان کے اپنے لوگوں نے شروع کروائی۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ( ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی تو ہوتی رہتی ہے، اصل لڑائی کچھ اور ہے، (ن) لیگ کا ایک خاص حصہ وزیراعظم کو اتحادیوں سے لڑوانا چاہتا ہے، اصل لڑائی تو اسلام آباد اور لاہور کی ہورہی ہے یہ ان کے خاندان کا اپنا مسئلہ ہے۔نظام ناکام نہیں ناکام کروایا گیا ہے، جب تک عوام کی حاکمیت تسلیم نہیں کریں گے تب تک سسٹم نہیں چل پائے گا، جب تک مانیں گے نہیں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے یہ نظام ایسے ہی چلتا رہے گا۔نئے صوبے بنانا اگر عوام کا فیصلہ ہے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی، نئے صوبے بنانا عوام کا فیصلہ نہیں تو پیپلز پارٹی ساتھ نہیں دے گی۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں اتنا مشکل وقت نہیں آیا جتنا آج ہے، کبھی نہیں دیکھا کہ پچاس، پچاس دن انٹرنیٹ اور سڑکیں بند ہوں، مشکل وقت ان کے لیے ہے جو کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور معمولات زندگی کی بحالی چاہتے ہیں۔تمام مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جا سکتا ہے، آزاد کشمیر اسمبلی نے بھی سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور کی، کمیشن کے قیام تک احتجاج کرنے والے احتجاج اور کارروائی کرنے والے کارروائیاں بند کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخ میں کبھی کشمیر میں6 مرحلوں میں الیکشن نہیں ہوا، کشمیر ایک ہے تو ایک ہی روز میں الیکشن کروایا جانا چاہیے تھا، مرحلوں میں الیکشن کروانے کا مقصد دھاندلی کرنا تھا۔کشمیریوں کو جن مشکلات کا سامنا ہے اس کا بخوبی ادراک ہے، حکومت کو کئی بار کہا مسائل کا حل مذاکرات سے ہو سکتا ہے، کشمیر کے معاملے پر ایک سچ کمیشن بنایا جائے، جب تک سچ کمیشن رپورٹ پیش نہ کرے فریقین مزید کوئی اقدام نہ کریں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں امن قائم کیا جائے، یہ نہ کمیشن بنانے کو تیار ہیں نہ شفاف الیکشن کروانے کو تیار ہیں۔ مجھے تو اپوزیشن کرنے کا شوق ہے، اگر میں اپوزیشن میں ہوتا تو انھیں لگ پتا جاتا، دھاندلی زدہ اور خونی الیکشن ہمیں قبول نہیں۔

WhatsApp
Get Alert