مکہ دفاعی معاہدہ خطے میں سکیورٹی اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، وزیراعظم
فیلڈ مارشل کی کوششوں اور کردار کی وجہ سے تینوں ممالک کا مشترکہ وژن حقیقت کا روپ دھار گیا، دعا ہے اس معاہدے کے ثمرات ناصرف تینوں ممالک بلکہ تمام مسلم اقوام کیلئے خیر کا ذریعہ بنیں؛ شہبازشریف کا بیان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں سکیورٹی اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ نیا مرحلہ تینوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اہم معاہدے پر دستخط کرنا میرے لیے باعثِ اعزاز ہے، تینوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، برادرانہ تعلقات اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے، دفاعی شعبے میں تعاون اس شراکت داری کو نئی سمت فراہم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی کوششوں اور کردار کی وجہ سے تینوں ممالک کا مشترکہ وژن حقیقت کا روپ دھار گیا، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ تینوں ممالک کے عوام کے لیے امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے گا، دعا ہے کہ اس معاہدے کے ثمرات ناصرف تینوں ممالک بلکہ تمام مسلم اقوام کے لیے خیر اور نفع کا ذریعہ بنیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور اس سے خطے کی سکیورٹی اور استحکام کو مزید تقویت ملے گی، موجودہ علاقائی صورتحال میں باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، ایسے میں تینوں ممالک کا ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا خطے میں امن و سلامتی کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت کسی ایک ملک پر ہونے والا حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، معاہدے پر دستخط سعودی عرب میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیے گئے، جس میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی۔
