مکہ دفاعی معاہدہ امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اہم سنگ میل قرار
معاہدے سے تینوں برادر ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا، خطے میں امن و استحکام آئے گا، ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کو فروغ ملے گا؛ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا بیان

مکہ مکرمہ(قدرت روزنامہ)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے اہم سنگ میل قرار دے دیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد، صدرِ جمہوریہ ترکیہ اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے یہ معاہدہ ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو ان مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جن سے خطے کی سلامتی اور استحکام متاثر ہوتا ہے۔
توقيع سمو سيدي ولي العهد وفخامة رئيس الجمهورية التركية، ودولة رئيس وزراء جمهورية باكستان الإسلامية، على اتفاقية مكة للدفاع المشترك يؤكد عمق العلاقات الأخوية والاستراتيجية بين الدول الثلاث، ويشكل محطة مهمة في مسيرة التعاون الدفاعي بينها، وتتويجًا للرغبة المشتركة في توحيد الجهود…
— فيصل بن فرحان (@FaisalbinFarhan) August 7, 2026
شہزادہ فیصل بن فرحان کہتے ہیں کہ مکہ دفاعی معاہدہ سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زیادہ محفوظ علاقائی ماحول کے قیام کے لیے تینوں ممالک کے مشترکہ سیاسی عزم کا اظہار ہے، یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ایک محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرے گا، جس سے ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کو فروغ ملے گا، سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون ناصرف تینوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ خطے میں مشترکہ سلامتی کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
