کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، صوبہ بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں موبائل فون، موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سکیورٹی صورتحال کے باعث ایف سی اور پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی اور چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں مختلف مقامات پر سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی تعیناتی کے ساتھ مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے، جبکہ اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق اوستہ محمد میں ضلع بھر میں موبائل فون سروس معطل ہے، جس کے باعث شہریوں کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہرنائی شہر اور دیہی علاقوں میں یوفون کے موبائل سگنلز بند ہیں جبکہ ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروس بھی گزشتہ تین ہفتوں سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔کوہلو میں بھی ضلع بھر میں موبائل فون کے سگنلز معطل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی صارفین کا کہنا ہے کہ موبائل سروسز کی بندش سے روزمرہ رابطے، کاروباری سرگرمیاں اور دیگر ضروری امور متاثر ہورہے ہیں۔لورالائی میں بھی موبائل سگنلز اور ڈیٹا سروس بند ہونے کی اطلاعات ہیں، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سروس کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈیرہ بگٹی میں بھی ضلع بھر میں موبائل فون سروس معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دوسری جانب مستونگ، قلات، سوراب، خضدار، تربت، پنجگور، نوشکی اور گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی موبائل ڈیٹا سروس متاثر یا معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مختلف اضلاع میں سروسز کی بندش کے باعث شہریوں کو انٹرنیٹ، آن لائن خدمات اور ایک دوسرے سے رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مختلف اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نگرانی اور گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ایف سی اور پولیس اہلکار مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کررہے ہیں، جبکہ حساس علاقوں میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔موبائل اور ڈیٹا سروسز کی معطلی کے باعث شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف باہمی رابطوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں بلکہ کاروباری، تعلیمی اور آن لائن سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیے گئے اقدامات کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا جائے اور حالات معمول پر آنے کے بعد موبائل و انٹرنیٹ سروسز فوری بحال کی جائیں۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ حساس مقامات اور اہم شاہراہوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔ سکیورٹی اقدامات کے تحت موبائل و ڈیٹا سروسز کی بندش کی وجوہات اور بحالی کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert