آزاد کشمیر الیکشن میں بڑا اپ سیٹ، تین بار وزیراعظم رہنے والے سردار عتیق اپنا آبائی حلقہ ہار گئے
غیر حتمی نتائج میں جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے انہیں واضح برتری سے شکست دی

باغ(قدرت روزنامہ)آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کی نشست ایل اے 14 پر بڑا سیاسی اپ سیٹ سامنے آیا ہے جہاں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست سے شکست کھا گئے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے انہیں واضح برتری سے شکست دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر پیر کے روز ہونے والی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری رہا اور مختلف حلقوں کے نتائج سامنے آتے رہے، ایل اے 14 باغ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں سردار ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ لے سکے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں بتایا گیا ہے کہ سردار ساجد اقبال نے سردار عتیق احمد خان کے مقابلے میں 21 ہزار 160 ووٹوں کی برتری حاصل کی، یوں انہوں نے اپنے مدِمقابل امیدوار سے دگنے سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے اور ایک اہم سیاسی اپ سیٹ کرنے میں کامیاب رہے، ایل اے 14 کی نشست سردار عتیق احمد خان کے لیے خصوصی سیاسی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ ان کی آبائی نشست سمجھی جاتی ہے، ان کے والد سردار عبدالقیوم بھی ماضی میں اسی حلقے سے کامیاب ہوتے رہے ہیں، تاہم حالیہ انتخابات میں مسلم کانفرنس کے سربراہ کو اپنی ہی آبائی نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا
