صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، دور دراز علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس فعال کیے جائیں گے: بخت محمد کاکڑ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں تک طبی خدمات پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا‘یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی‘ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ضلعی اور تحصیل سطح کے ہسپتالوں میں جدید آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ماہر ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ نرسنگ عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گاوزیر صحت نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس کو فعال کیا جائے تاکہ پہاڑی اور صحرائی علاقوں کے باسی بھی بروقت طبی سہولت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو مانیٹر کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ بدعنوانی اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہو سکے۔بخت محمد کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت عالمی ادارہ صحت اور دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھائے گی تاکہ بلوچستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے عمل میں حکومت کا ساتھ دیں اور کسی بھی شکایت یا مسئلے کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

WhatsApp
Get Alert