پاکستان نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی معاہدے پر ایران کو اعتماد میں لے لیا

تہران(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو موجودہ علاقائی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا، ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ وفاقی وزیرداخلہ نے صدر مسعود پزشکیان کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور اس معاملے پر ایرانی قیادت کو اعتماد میں لیا۔
ملاقات کے بعد ایرانی صدر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے سے باہمی مفادات یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی سکیورٹی اور استحکام کو بھی مضبوط کیا جا سکتا ہے، پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سکیورٹی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں، ایران تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات بڑھانے اور انہیں مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی دلچسپی اور خیرسگالی ایران کے لیے انتہائی قابل قدر ہے، دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے، دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے سے دونوں ممالک کے باہمی مفادات کو تقویت ملے گی اور خطے میں سکیورٹی اور استحکام بھی بہتر ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ تنسیخ ہیں، پاکستان تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع انداز میں مزید وسعت دینے کے لیے انتہائی سنجیدہ عزم کے ساتھ اقدامات کر رہا ہے، جب کہ ایرانی صدر سے ملاقات سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعلقات اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
