کوئٹہ ‘ حاجی ولی محمد نورزئی کی قیادت میں جشن آزادی کی ریلی ‘ جشن آزادی ہمیں اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کا درس دیتا ہے ‘ ولی محمد نورزئی کا خطاب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی سیکریٹری و رکن بلوچستان اسمبلی حاجی ولی محمد نورزئی کی قیادت میں جشن آزادی کی ریلی نکالی گئی، جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بلوچستان اسمبلی کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں نوجوانوں، شہریوں اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔اس موقع پر حاجی ولی محمد نورزئی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا نذرِ آتش کیا۔ ریلی کے دوران شرکا میں قومی جذبہ اور جوش و خروش نمایاں رہا۔حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ جشن آزادی ہمیں اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ریلی کا مقصد قومی یکجہتی اور اتحاد کا پیغام اجاگر کرنا ہے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
