4 رکنی میڈیکل بورڈ کی عمران خان کی اہلخانہ سے ملاقاتوں، واک اور کتابوں میں اضافے کی سفارش
سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے ان کی صحت، بلڈ پریشر اور بے چینی کو کنٹرول کرنے کے لیے اہم سفارشات مرتب کرکے جیل انتظامیہ کو ارسال کردیں؛ سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کا طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے ان کی صحت، بلڈ پریشر اور بے چینی کو کنٹرول کرنے کے لیے اہم سفارشات مرتب کرکے جیل انتظامیہ کو ارسال کر دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ اور سفارشات میں واضح کیا ہے کہ عمران خان کی موجودہ طبی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جیل کے احاطے اور ماحول میں کچھ نرمی لانا ضروری ہے، بورڈ کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ ان کی بے چینی اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے انہیں روزانہ کم از کم ایک گھنٹے کی واک کی اجازت دی جائے۔
وہ لوگ سامنے آجائیں جو کہتے ہیں عمران خان قید تنہائی میں نہیں ہیں!
طبی معائنے کے بعد میڈیکل بورڈ کی سفارشات :
"انہیں (عمران خان کو ) جیل کی موجودہ صورتحال میں کچھ نرمی کے ساتھ 01 گھنٹے کی واک کی ضرورت ہے۔ انہیں میگزین/اخبار/ٹی وی اور مطالعے کی کتب فراہم کی جانی چاہئیں۔ فیملی… pic.twitter.com/UkfBbi5wDt— Riaz ul Haq (@Riazhaq) August 17, 2026
اس کے علاوہ معالجین نے سفارش کی ہے کہ سابق وزیراعظم کو باقاعدگی سے پڑھنے کے لیے مختلف میگزینز، اخبارات، مطالعے کی کتب اور ٹی وی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ان کی فکری و ذہنی مصروفیت برقرار رہ سکے، اسی طرح میڈیکل بورڈ نے عمران خان کی ان کے اہلخانہ اور اہلیہ کے ساتھ ملاقاتوں کے حوالے سے بھی اہم سفارشات کی ہیں۔
اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ فیملی ممبرز اور اہلیہ کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ موجودہ مقررہ اجازت اور وقت سے زیادہ اور باقاعدگی کے ساتھ قائم کیا جائے، ان تمام اقدامات سے عمران خان کی بے چینی کو ختم کرنے اور ان کے بلڈ پریشر کو معمول پر لانے میں بڑی مدد ملے گی۔
