عمران خان کو 2 روز میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، سپریم کورٹ کا تحریری آرڈر جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اعلیٰ سطح کے میڈیکل بورڈ میں معالج، جنرل سرجن، انٹرنل میڈیسن کے ماہر، ماہرِ چشم اور ماہرِ امراضِ قلب شامل ہوں گے جو عمران خان کا مکمل طبی معائنہ اور علاج کریں گے؛ عدالتی حکمنامہ کا متن
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست2026ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل سے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کا باضابطہ تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، جس سے تمام تر شکوک و شبہات اور افواہوں کا خاتمہ ہو گیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق اعلیٰ عدلیہ نے واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اگلے دو دنوں کے اندر شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے، حکومت اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات، گرفتاریوں، زیرِ سماعت ٹرائلز اور سزا کی مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال انتظامیہ کی مشاورت سے ایک اعلیٰ سطح کا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا، جس میں معالج، جنرل سرجن، انٹرنل میڈیسن کے ماہر، ماہرِ چشم اور ماہرِ امراضِ قلب شامل ہوں گے جو عمران خان کا مکمل طبی معائنہ اور علاج کریں گے، ڈاکٹر فیصل سلطان اور عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو طبی معائنے اور علاج کے عمل کے دوران ساتھ رہنے کی اجازت ہوگی۔
بریکنگ: عمران خان کو 2 روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے، سپریم کورٹ کا تحریری حکمنامہ آ گیا pic.twitter.com/tiIXLyKcNy
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) August 18, 2026
سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں طبی سہولیات اور علاج کے تمام تر اخراجات عمران خان خود یا ان کی فیملی برداشت کرے گی، آئندہ سماعت تک عمران خان کی فیملی کا کوئی رکن، تحریکِ انصاف کا رہنما، یا ان کا وکیل بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال یا میڈیکل رپورٹس کو میڈیا یا عوام کے ساتھ بالکل شیئر نہیں کرے گا، حکومت اور متعلقہ حکام ہفتے میں ایک بار عمران خان کی ان کی فیملی سے ملاقات یقینی بنائیں گے، حکومت اور متعلقہ حکام عمران خان کی اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو بار ٹیلی فون پر بات چیت کی سہولت فراہم کریں گے۔
