بلاول بھٹو زرداری کی قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات

پیپلزپارٹی نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا فیصلہ مثبت جمہوری روایت قرار دیدیا، پارلیمنٹ میں قانون سازی کے حوالے سے باہمی رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ایک اہم سیاسی ملاقات کی ہے، جس کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین یوسفزئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس اہم ملاقات میں اپوزیشن اور تحریکِ انصاف کی جانب سے سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، مصطفیٰ نواز کھوکھر، عامر ڈوگر، عادل بازئی اور اخوندزادہ حسین موجود تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن شامل تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن قیادت سے درخواست کی کہ وہ تمام اہم پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہو کر اپنا فعال اور مثبت کردار ادا کریں، جس پر اپوزیشن رہنماؤں نے جواب دیا کہ وہ اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے پارلیمان کے اندر قانون سازی کے حوالے سے باہمی رابطوں کو مزید بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا، پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ ملک میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کے عمل میں پارلیمان کے اندر اپنا پوراپورا کردار ادا کرے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی اور بہترین علاج کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ایک مثبت جمہوری روایت کہا۔

WhatsApp
Get Alert