عمران خان کی حالت ٹھیک نہیں، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہورہا ہے، ڈاکٹر عظمیٰ خان کا انکشاف

عمران خان بار بار کہہ رہے تھے کہ قوم کو بتایا جائے کہ ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہورہا ہے اور انہیں شدید ٹارچر کیا جارہا ہے، جیل میں ان کی کوئی آواز نہیں سنتا اور وہ مسلسل کہتے رہے کہ ان کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ ہوگئیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان بھائی سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی حالت ٹھیک نہیں ہے اور انہوں نے ملاقات کے دوران جیل میں اپنے ساتھ ہونے والے مبینہ سلوک سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان کے مطابق عمران خان بار بار کہہ رہے تھے کہ قوم کو بتایا جائے کہ ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہورہا ہے اور انہیں شدید ٹارچر کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل میں ان کی کوئی آواز نہیں سنتا اور وہ مسلسل کہتے رہے کہ ان کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ وہ جیل حکام سے اپنی مشکلات بیان کرتے ہیں لیکن کوئی ان کی بات نہیں سنتا اور انہیں کوئی پرواہ نہیں کرتا۔
ڈاکٹر عظمیٰ خان نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ساری قوم ان کے ساتھ ہے اور ان کے لیے کھڑی ہے۔
انہوں نے عمران خان سے کہا کہ وہ فکر نہ کریں، ان کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ہے اس پر کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بتایا تھا کہ انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال لے جایا جا رہا ہے، جس پر وہ خوش تھے اور کہہ رہے تھے کہ وہ اسپتال جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا کہ عمران خان شفا اسپتال نہیں گئے اور کہا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والی بات درست نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert