ہمیں اطلاع تھی وزیر اعلیٰ پنجاب عدالتی فیصلے سے ناراض ہیں: اسد قیصر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمیں اطلاع تھی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی فیصلے سے ناراض ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آن مائی ریڈار‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں تھوڑا اندازہ تھا کہ حکومت عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانے گی، حکومت کی نیت پر شک ہے کیونکہ وہ صرف وقت ضائع کرتے رہے، کل پی ٹی آئی سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرے گی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں پہلے سے اندازہ تھا کہ یہ آسانی سے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کریں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں ابہام نہیں بلکہ ایک ایک چیز واضح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی درجہ حرارت نیچے آئے لیکن حکومت نے خود معاملہ خراب کیا، حکومت قانون، آئین، پارلیمنٹ اور نہ عدالت کو مانتی ہے، اب ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ سڑکوں پر آئیں اور لوگوں کو باہر نکالیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ عدالتی فیصلہ نہیں مانتے، حکومت ملک کو بنانا ریپبلک بنا رہی ہے، موجودہ صورتحال میں ہم قومی یکجہتی چاہتے تھے جسے حکومت نے متاثر کیا۔

پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر، وفاقی وزیر قانون اور دیگر حکومتی لوگوں سے ہماری ملاقات ہوئی تھی، ہم نے حکومت کو مثبت اشارہ دیا تھا لیکن انہوں نے صورتحال کو تماشا بنا دیا۔

اسد قیصر کے مطابق محمود اچکزئی نے حکومت سے کہا کہ میں گارنٹی لیتا ہوں عمران خان کسی سے انتقام نہیں لیں گے، ہم چاہتے ہیں ملک کو آئین و قانون کے تقاضے کے مطابق آگے بڑھانا ہے۔

WhatsApp
Get Alert