سپریم کورٹ کے حکم پر عملدر آمد یقینی بنایا اور حکم کے تمام لوازمات پورے کیے گئے: عطا تارڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا اپوزیشن میں تھے تو مؤقف تھا صحت کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے اور آج حکومت میں ہیں تو یہی مؤقف ہے صحت پر سیاست نہ کی جائے لیکن جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور معاملے کو سیاست کی نظر کیا جا رہا ہے، صحت کے معاملات میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے۔
وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں کی صحت پر تضحیک آمیز گفتگو کرتے تھے، آج بانی کی صحت کے حوالے سے حکم آیا تو ہم نے توہین آمیز رویہ نہیں اپنایا بلکہ نظرثانی درخواست میں پوچھا گیا کہ کیا یہ سہولت ہر قیدی کو میسر ہے؟ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل ہوا اوربانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرایاگیا، بانی پی ٹی آئی کی بہن اور شفا ہسپتال کے ڈاکٹرز موجود تھے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے حکم پرعملدرآمد یقینی بنایا اور حکم کے تمام لوازمات پورے کیے گئے،تحریک انصاف کا انصاف سے تعلق نہیں ہے ، توہین عدالت کی بے بنیاد درخواست دائر کی گئی، حقائق قوم کے سامنے رکھے اور عدالتی حکم پر تمام چیزیں لیکر چلے،شفا ہسپتال کے باہر ٹولیوں میں لوگ کس نےجمع کئے؟ عدالت نے کہا تھا سیاست نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور پارٹی توہین عدالت کی مرتکب ہوئی، پہلی بار ہوا کہ کسی جماعت نےاپنے بانی کے علاج میں رخنہ ڈالا اور اگر پی ٹی آئی بانی کاعلاج چاہتی تھی توراستےمیں رکاوٹیں کیوں کھڑی کی گئیں؟ سیاست اور بیان بازی ہوئی،سیکیورٹی میں بھی رخنہ ڈالا گیا، توہین عدالت کس نے کی،یہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ایجنڈے کیلئے بار کونسلز کو استعمال نہ کرے، بار کونسلز اعلامیے جاری کیے گئے ہیں،انہیں اس معاملے سے دور رکھا جائے،چند وکلا نے پی ٹی آئی کی سیاست کیلئے اعلامیے جاری کئے، عدالتی حکم کے مطابق پمز ہسپتال میں معائنہ کرایا گیا، عدالتی حکم کی ہرایک شق پر عمل ہوا۔
