شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کو فساد کی جڑ اور دہشت گردی کی پیداوار قرار دے دیا

کراچی(ـقدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کو فساد کی جڑ اور دہشت گردی کی پیداوار قرار دے دیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے چیلنجز کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے، بانی الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقریروں پر مصطفیٰ کمال ’جی بھائی جی بھائی‘ کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں سے متعلق پیپلزپارٹی کی پالیسی واضح ہے، سڑکوں پر سروے کرانا عوامی رائے کا متبادل نہیں ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب مصطفیٰ کمال کے ’ڈیولوشن کے نعرے‘ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ وہ خود ایسی وزارت میں بیٹھے ہیں جو بنیادی طور پر صوبائی معاملہ ہے، لہٰذا ڈیولوشن کا نعرہ لگانے والے پہلے اپنی وزارت کو دیکھیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ صوبائی محکمے پر قابض ہو کر ڈیولوشن کی باتیں کرنا مذاق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصطفیٰ کمال کا ڈیولوشن کا نعرہ کھلے تضاد کا شکار ہے، جبکہ وفاق پہلے سندھ کے ساتھ اپنے رویے اور وعدوں کا حساب دے۔
سعدیہ جاوید کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف ڈیولوشن کے نعرے لگائے جارہے ہیں، جبکہ دوسری طرف سندھ کے دیرینہ انفرااسٹرکچر منصوبوں کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے۔ وفاق کا یہ رویہ صوبے میں احساس محرومی کو مزید بڑھا رہا ہے۔
