شفا ہسپتال کے باہر لوگ جمع کئے گئے، کیا عدالت نے سیاست سے منع نہیں کیا تھا؟ عمران خان ہشاش بشاش ہیں پی ٹی آئی پروپیگنڈا کررہی ہے، وزیراطلاعات عطاء تارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہن ، فیملی اور پارٹی نے قیدی کی صحت پر نیوز کانفرنس اور بیانات دے کر توہین عدالت کی۔ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے شفا ہسپتال کے باہرٹولیوں کی صورت لوگ جمع کئے گئے، کیا عدالت سیاست سے منع نہیں کیا تھا؟عمران خان کی صحت سے متعلق بیانات اور پریس کانفرنس کرنا عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔
عمران خان بالکل ہشاش بشاش ہیں پی ٹی آئی قیدی کی صحت پر پروپیگنڈا کررہی ہے،عمران خان کی بہن اور پارٹی نے قیدی کی صحت پر نیوز کانفرنس اور بیان بازی کرکے توہین عدالت کی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کے علاج معالجے سے متعلق انتظامیہ نے عدالتی حکم نامے پر عملدرآمد کیا، ہما را مئوقف ہے کہ صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،عمران خان جب وزیر اعظم تھے تو لوگوں کی صحت پر طنز کرتے تھے، لیکن ہم نے کبھی کسی کی صحت پر توہین آمیز رویہ نہیں اپنایا۔
یاد رہے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی، درخواست میں سپریم کورٹ کی18 اگست 2026 کے حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی کہ جواب دہندگان اور توہین عدالت کے مرتکبین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں، مزید یہ کہ عدالت انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی جاری کرے۔پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی کہ جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔علاوہ ازیں عدالت سے بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے، درخواست میں عمران خان کا شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں طبی معائنہ کرانے کی استدعا بھی کی گئی۔
