مسلط شدہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم اور ذہنی کوفت کا شکار کر دیا ہے ‘عبدالقہار ودان

پشتونخوامیپ پشتونوں کی آواز ہے، غیرت مند عوام خیرات نہیں اپنا آئینی اور انسانی حق مانگ رہے ہیں: پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر اہتمام ضلع کوئٹہ تحصیل صدر پشتون باغ اول علاقائی یونٹ میں عصمت خان بادیزئی کی قیادت میں مختلف 50افراد کی پارٹی میں شمولیت کا اجتماع منعقد ہوا۔ اجتماع سے پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، نائب صدر مجید خان اچکزئی،مرکزی کمیٹی کے رکن سردار بہادر خان موسیٰ خیل، تحصیل صدر سیکرٹری نعیم خان پیر علیزئی نے خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض علاقائی سیکرٹری صلاح الدین اچکزئی نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی، تحصیل صدر کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ مقررین نے شمولیت کرنیوالوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ پشتونخوا وطن کے عوام کی آواز ہے اور عوام کے بنیادی حقوق کی جدوجہد اور پشتونوں کے قومی شناخت کے لیے پارٹی کی جاری جدوجہد اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا کے دیگر اضلاع اور بالخصوص کوئٹہ میں عوام جن حالات سے گزر رہے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ بدامنی، خوف، بے روزگاری، مہنگائی، غربت اور عدم تحفظ نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ ایک طرف لوگ اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں تو دوسری طرف روزگار کے مواقع محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ کاروبار متاثر ہے، نوجوان مایوسی کا شکار ہیں اور کئی خاندان بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ایسے میں مسلط نام نہاد فارم 47کی حکومت کی عدم توجہی، نااہلی، کرپشن وکمیشن نے عوامی خدمت کے اداروں کو کوکھلا کردیا ہے اور عوام کو امن، تعلیم، صحت، روزگار، صاف پانی، بجلی، گیس، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر ذہنی کوفت کا شکار بنادیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہمارے غیرت مند اور غیور عوام خیرات نہیں اپنا آئینی اور انسانی حق مانگ رہے ہیں۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں آج بھی پینے کا صاف پانی، معیاری علاج، بہتر تعلیمی اداروں اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات تک عوام کورسائی حاصل نہیں جس کی ذمہ دار مسلط حکومت ہے۔

WhatsApp
Get Alert