بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی! فی بیرل 86 ڈالر کی سطح پر

نیویارک(قدرت روزنامہ)عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں پیر کو ایک بار پھر نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جہاں برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں کی قیمتیں ایک ڈالر فی بیرل سے زیادہ نیچے آگئیں۔

مارکیٹ میں یہ دباؤ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سرمایہ کار واشنگٹن کی جانب سے ایران پر نئی پابندیوں کے ممکنہ اعلان سے پہلے اپنے حاصل شدہ منافع کو محفوظ بنانے میں مصروف ہیں جبکہ نئی پابندیوں سے مشرق وسطیٰ سے تیل کی فراہمی مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کا اہم پیمانہ سمجھے جانے والے برینٹ کروڈ کے فیوچر کنٹریکٹ کی قیمت 1.22 ڈالر یعنی 1.29 فیصد کم ہوکر 93.17 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 1.20 ڈالر یعنی 1.38 فیصد کمی ہوئی اور یہ 85.86 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔

اس سے قبل دونوں بڑے آئل کنٹریکٹس گزشتہ ہفتے مسلسل دوسرے ہفتے اضافے کے ساتھ بند ہوئے تھے اس دوران ان کی قیمتیں 5 فیصد سے زیادہ بڑھی تھیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں تعطل کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی جبکہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل محدود ہونے نے عالمی سپلائی کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔ دنیا بھر میں فراہم ہونے والے تیل کا تقریباً پانچواں حصہ اسی اہم بحری راستے سے گزرتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert