حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست، بیرسٹر گوہر کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کے تناظر میں بیرسٹر گوہر نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کی درخواست کی تھی، میری اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، ہم نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔ کیس کل یا پرسوں سنا جائے،عدالتیں راتوں کو بھی بیٹھی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رجسٹرار نے آج ہی فائل چیف جسٹس کے سامنے رکھنے کا کہا ہے، دینا دیکھ رہی ہے کہ کیا سپریم کورٹ اپنے حکم پر عمل کرائے گی؟ سپریم کورٹ کے حکم کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست کی ہے کہ 18 اگست کے حکم پر عملدرآمد کرایا جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمی اور ڈاکٹر فیصل کو شامل کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کے تمام میڈیکل ٹیسٹ کرائے جائیں، بانی کو شفا اسپتال کے بجائے پمز لے جانا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کسی سے کوئی ڈیل نہیں کی، ہماری ایک طویل عرصے سے ملاقاتیں نہیں ہورہی ہیں، ڈاکٹروں نے علاج کی ہدایت کی، کیا آج سے پہلے کوئی قیدی کسی دوسرے اسپتال میں نہیں رہا؟ ہماری درخواست ہے عدالتی فیصلے پرمن و عن عمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سہیل آفریدی یا پارٹی قیادت سے ناراضی کا اظہار نہیں کیا، بانی کی طرف سے جو بھی حکم آئے گا اس پر عمل ہوگا۔
