موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی، وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرکے بی تھری کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور متعلقہ وزرا و حکام کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومتی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔
