آواران کے علاقے جھاؤ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، باپ اور بیٹا جاں بحق
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، مقامی افراد کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
آواران (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھا ومیں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ذرائع کے مطابق جھا میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک باپ اور اس کے بیٹے کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر متعلقہ اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد دونوں لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔واقعے کے بعد متاثرہ خاندان اور علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ مقامی افراد نے باپ بیٹے کے قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث مسلح افراد واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں اور مختلف پہلوں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فائرنگ کے واقعے کی وجوہات اور ملزمان کی شناخت سامنے نہیں آسکی، تاہم پولیس شواہد کی روشنی میں قتل کے محرکات اور ملزمان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ باپ بیٹے کے قتل میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔
