پہلے بھی خواہش تھی اب بھی ہے مولانا ہمارے اتحاد کا حصہ بنیں، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ فی الحال اپوزیشن کا اتحادصرف قومی اسمبلی کےفلور اور قانون سازی کی حد تک ہے۔
متحدہ اپوزیشن اجلاس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پہلے بھی خواہش تھی اور اب بھی ہے کہ مولانا ہمارے اتحاد کا حصہ بنیں، سیاسی جماعتوں کو ملک، پارلیمان، الیکشن کمیشن کی مضبوطی کے ایجنڈے پر متحد ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی کے لوگ آئے تھے، سیاسی جماعتوں میں باہمی رابطہ اور گفتگو کا سلسلہ قائم رہنا چاہیے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن تحاریک، سیاسی امور کا اختیار اسد قیصر اور علامہ راجہ ناصر کو دے رکھا ہے، سیاسی کارکنان کو ہدایت ہے کسی کیخلاف نعرے بازی نہ کریں ،گفتگو میں شائستگی برقرار رکھیں۔
اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فی الحال یہ اتحاد پارلیمنٹ کے اندر تعاون کیلئے ہے پارلیمنٹ کے اندر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے اور کوئی راستہ نہیں جب کہ عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق کچھ نہیں سوچا۔
