کیا جانی لیور کی بیٹی جیمی لیور گووندا کے بیٹے یش وردھن آہوجا سے شادی کر رہی ہیں؟

ممبئی (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف کامیڈین جانی لیور کی بیٹی اور اداکارہ جیمی لیور نے گووندا کے بیٹے یش وردھن آہوجا سے اپنی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت بتا دی۔
گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز وائرل ہو رہی تھیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ جیمی لیور اور یش وردھن آہوجا شادی کرنے والے ہیں۔
جیمی لیور نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے ان تمام دعوؤں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا اور بتایا کہ ابتدا میں انہیں اور ان کے کزنز کو یہ اے آئی ویڈیوز دلچسپ لگیں اور وہ انہیں دیکھ کر ہنستے بھی رہے مگر معاملہ اس وقت سنجیدہ ہو گیا جب لوگوں نے فون کر کے انہیں شادی کی مبارک باد دینا شروع کر دی۔
جیمی نے دلچسپ انکشاف کیا کہ ان جعلی خبروں کی وجہ سے ان کے لیے آنے والے حقیقی شادی کے رشتے بھی رک گئے کیونکہ لوگوں نے سمجھ لیا کہ ان کی شادی طے ہو چکی ہے۔
اداکارہ نے وائرل ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والوں سے انہیں ہٹانے کی درخواست کرتے ہوئے واضح کیا کہ شادی سے متعلق تمام معلومات غلط ہیں اور ان کی حقیقی شادی کی خبر کے لیے مداحوں کو ابھی انتظار کرنا ہو گا۔
یش وردھن آہوجا کا نام لیے بغیر جیمی نے مزید کہا کہ جس شخص کے ساتھ ان کی شادی کی افواہ پھیلائی جا رہی ہے وہ ان کے لیے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں اور دونوں ایک فلم میں ساتھ کام بھی کر رہے ہیں۔
