بینکوں کے اے ٹی ایم سے پانچ ہزار روپے کے جعلی نوٹ نکل رہے ہیں.سینیٹر سلیم مانڈوی والاکا انکشاف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بینکنگ سسٹم سے جعلی نوٹوں کے نکلنے اور نئے کرنسی نوٹوں کے اجراءمیں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اب بینکوں کے سسٹم اور اے ٹی ایم مشینوں سے بھی پانچ ہزار روپے کے جعلی نوٹ نکل رہے ہیں.
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک کو پانچ ہزار روپے کے تین نوٹ دیئے اور انہیں جعلی نوٹ کی شناخت کرنے کا کہا، تاہم وہ خود بھی ان میں فرق معلوم کرنے میں ناکام رہے.
چیئرمین قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ جب مرکزی بینک کے گورنر جعلی نوٹ نہیں پکڑ سکتے، تو عوام سے موبائل ایپ کے ذریعے شناخت کی امید رکھنا عبث ہے انہوں نے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صرف ایک ہزار روپے کا جعلی نوٹ ملتا تھا، لیکن اب مارکیٹ میں پانچ ہزار کا جعلی نوٹ بھی آ رہا ہے، جس سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے.
سلیم مانڈوی والا نے عام شہریوں کی بے بسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جعلی نوٹ کی شکایت لے کر پولیس کے پاس ایف آئی آر کٹوانے جانے والے معصوم شہریوں کو الٹا حوالات میں بند کر دیا جاتا ہے نئے نوٹوں کے اجراءپر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال نئے کرنسی نوٹ تیار نہیں کیے جا سکے. سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ پارلیمنٹ کی مدت ختم ہو جائے گی لیکن نیا نوٹ مارکیٹ میں نہیں آ سکے گا، جبکہ کابینہ کی جانب سے صرف منظوری کے دعوے کئے جا رہے ہیں.

WhatsApp
Get Alert