سونا، چاندی اور پلاٹینم مزید مہنگا! عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کے نئے ریٹس کیا ہیں؟

کراچی (قدرت روزنامہ)عالمی مارکیٹ میں جمعرات کو سونے کی قیمت ایک بار پھر اوپر چلی گئی جس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں ممکنہ کمی سے متعلق خدشات ہیں۔ سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کے متوقع خطاب پر ہیں جسے مالیاتی پالیسی کی آئندہ سمت کے لیے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.8 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 630.09 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی تیزی دیکھی گئی اور ان کے نرخ 0.7 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 685.50 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے۔
دیگر قیمتی دھاتیں بھی سونے کے نقش قدم پر چلیں۔ اسپاٹ سلور کی قیمت 1.7 فیصد اضافے سے 69.28 ڈالر فی اونس ہوگئی پلاٹینم 1.1 فیصد بڑھ کر 1 ہزار 848.57 ڈالر فی اونس پر آگیا جبکہ پیلیڈیم کے نرخ بھی 0.5 فیصد اضافے کے بعد 1 ہزار 334.49 ڈالر فی اونس ریکارڈ کیے گئے۔
دریں اثنا گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی۔ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے طویل مدت کے پرانے بانڈز کی خریداری بڑھانے کے اعلان کے بعد سونے کے نرخ 5 فیصد سے زیادہ بڑھ گئے تھے جس سے امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے خدشات کو مزید تقویت ملی تھی۔
