ناقص خوراک کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری؛ مختلف اضلاع میں 20 یونٹس جرمانہ، کوئٹہ میں ایک مصالحہ یونٹ سیل!

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی ہدایات پر ناقص خوراک کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ، حب، حرمزئی پشین اور کولپور سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 20 خوراک کے مراکز و یونٹس پر جرمانے عائد، متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جبکہ ایک غیر معیاری مصالحہ جات بنانے والے یونٹ کو سیل کردیا۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق مشرقی بائی پاس و جتک اسٹاپ کے علاقوں میں چیکنگ کے دوران ناقص صفائی، نان فوڈ گریڈ رنگ، ممنوعہ چائنیز نمک، غیر مناسب اسٹوریج، حشرات کی روک تھام کے ناقص انتظامات اور نامکمل حفاظتی لباس پر ایک مصالحہ یونٹ سیل جبکہ ایک نمکو یونٹ مالک پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ خدائیداد روڈ و کاسی روڈ پر 19 مراکز کی چیکنگ کے دوران ناقص صفائی، ویسٹ مینجمنٹ، نامناسب اسٹوریج اور PPE کی خلاف ورزیوں پر 3 یونٹس جرمانہ جبکہ 6 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ اسی طرح جناح ٹاؤن و ویسٹرن بائی پاس میں معائنے کے دوران ناقص صفائی، ایکسپائرڈ ایسنسز، حشرات، غیر محفوظ اسٹوریج اور نامکمل حفاظتی انتظامات پر 5 یونٹس جرمانہ کیے گئے۔ایئرپورٹ روڈ پر گریڈ کلرز اور کم وزن نان کی فروخت پر 3 یونٹس جرمانہ جبکہ 7 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ نان کا وزن مقررہ 310 گرام کے بجائے 236، 244 اور 245 گرام پایا گیا۔مزید برآں حب سٹی میں غیر معیاری رنگ اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال پر 2 مصالحہ شاپس جرمانہ کی گئیں، جبکہ دیگر مراکز کو اصلاحی ہدایات جاری کی گئیں۔حرمزئی پشین میں 23 مراکز کی چیکنگ کے دوران ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 4 یونٹس جرمانہ کیے گئے، جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔علاوہ ازیں کولپور میں بی ایف اے حکام نے ممنوعہ چائنیز نمک، گٹکا اور بغیر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ والی مصنوعات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 یونٹس جرمانہ جبکہ 4 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے ، اس دوران ایک دکاندار کو فوڈ بزنس لائسنس نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ محفوظ خوراک کی فراہمی اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، عوام کی صحت سے کھیلنے اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
