سریاب اور کیچی بیگ میں مبینہ چھاپوں، گرفتاریوں اور چادر و چار دیواری کی پامالی پر نیشنل پارٹی کی شدید مذمت

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل پارٹی نے سریاب اور کیچی بیگ میں گزشتہ روز فورسز کی جانب سے مبینہ چھاپوں، گرفتاریوں اور گھروں میں توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز سریاب میں چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور شہریوں کو ہراساں کرنا ناقابل قبول ہے۔نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں دعوی کیا گیا کہ گزشتہ روز پارٹی کے رہنماں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ گھروں سے قیمتی اشیا اٹھانے کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ گھروں میں اس انداز سے داخل ہونا، خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ نیشنل پارٹی نے ایسے اقدامات کو غیر جمہوری، غیر قانونی اور منفی عمل قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے اور اپنی ناکامی چھپانے کے لیے سریاب کے شہریوں کو بلاجواز تنگ و ہراساں کیا جا رہا ہے۔بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ایسے مبینہ غیر قانونی اقدامات کا فوری خاتمہ کیا جائے، گرفتار افراد کو رہا کیا جائے اور شہریوں کو بلاجواز ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔نیشنل پارٹی نے زور دیا کہ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق، چادر و چار دیواری کے تقدس اور عوام کی عزت و وقار کا ہر صورت احترام یقینی بنایا جائے۔
