بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے تمام نجی و سرکاری اسپتالوں اور طبی مراکز میں فائر سیفٹی، ہنگامی تیاری اور انخلا کے تقاضے لازمی قرار دے دیے

کوئٹہ(قدرت روزنامہ )بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے تمام نجی و سرکاری اسپتالوں اور طبی مراکز میں فائر سیفٹی، ہنگامی تیاری اور انخلا کے تقاضے لازمی قرار دے دیے۔ کمیشن نے فوری جائزے اور مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تقاضوں پر عمل نہ کرنے والے مراکز لائسنس کے حصول کے لیے نااہل قرار دیے جائیں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق طبی مراکز میں آگ بجھانے کے آلات، فائر الارمز اور دھوئیں کا پتہ لگانے والے نظام کی فعالیت یقینی بنائی جائے۔ ایڈوائزری میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور محفوظ انخلا کے حوالے سے متعلقہ عملے کو باقاعدہ تربیت دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔تمام طبی مراکز میں سیڑھیوں اور ہنگامی انخلا کے راستوں کو واضح طور پر نشان زد، کھلا اور فعال رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ کمیشن نے تمام خامیوں کی فوری نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تقاضوں پر عملدرآمد نہ کرنے والے طبی مراکز لائسنس کے حصول کے لیے نااہل قرار دیے جا سکتے ہیں۔
