محسن نقوی کا پاسپورٹ آفس کا دورہ، عملہ غائب ہونے پر برہمی کا اظہار، عہدوں سے ہٹانے کا حکم

لاہور(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے ریجنل پاسپورٹ آفس کے دورے کے دوران آفس مقررہ وقت سے قبل بند کردیا گیا جبکہ عملہ غائب تھا۔
شہریوں کا پاسپورٹس آفس میں داخلہ بند تھا اور انہیں باہر سے ٹرخایا جانے لگا۔
پاسپورٹ آفس میں سہ پہر 4 بجے ہی صفائیاں کی جارہی تھیں اور دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا جیسے دفتر میں چھٹی کا سماں ہے۔
وزیر داخلہ نے پاسپورٹ آفس کی صورت حال دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہری خدمات کی فراہمی پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
علاوہ ازیں انہوں نے گوجرانوالہ میں نادرا میگا سینٹر کا بھی دورہ کیا اور اس دوران شہریوں سے مسائل سے متعلق معلومات لیں۔
