حافظ نعیم الرحمان نے احتجاجی تحریک کے آئندہ کے مرحلے کا اعلان کردیا

لاہور(قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کے خلاف آج رات کو ملک گیر ہڑتال کی تاریخ دینے کا اعلان کرتے ہوئے حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ عوام کے حقوق کی جدوجہد رکنے والی نہیں، اٹھائیس اگست کو فیصل آباد، تیس کو راولپنڈی، اکتیس کو پشاور اور چار ستمبر کو سوات میں جلسے ہوں گے، پی ڈی ایم حکومت نااہل اور کرپٹ ہے، ن لیگ ، پی پی اور ایم کیو ایم کرپشن کا گھناونا امتزاج ہیں.

لاہور میں وزیراعلیٰ ہاو¿س کے باہر دھرنا کے بارہویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ پمز سے پوری قوم غم میں مبتلا ہے ، ہر سانحے کے بعد حکومت اگلے سانحے کا انتظار کرتی ہے، ذمہ داران کو کوئی نہیں پوچھتا انہوں نے بچوں کے جلنے کے اندوہناک واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہسپتال میں کوئی حفاظتی اقدامات نہ تھے .
قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے امیر جماعت اسلامی نے بارہ ربیع الاول کی رات لاہور دھرنا کے مقام پر سیرت نبی کانفرنس سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد اقامت دین ہے، ہم اتحاد امت کے داعی ہیں، امت کو فرقوں میں تقسیم کرنے والے ہم میں سے نہیں انہوں نے اہل غزہ اور ایرانیوں کی امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ دونوں نے جبر اور ظلم کا مقابلہ کرکے پوری دنیا کی مظلوم قوموں کے لیے مثال قائم کردی.
حافظ نعیم الرحمان نے اخوان المسلمون اور بنگلہ دیش جماعت اسلامی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ نظام کی تبدیلی تک جدوجہد جاری رہے گی انہوں نے سودی معیشت کو مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے سود کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ڈپٹی سیکرٹری وقاص انجم جعفری نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، 40 سال سے اقتدار میں بیٹھی ن لیگ اور پی پی آپس میں نورا کشتی کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں ہسپتالوں سے بچے چوری ہو جاتے ہیں ، یہ حکمرانوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے، تاہم انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، مہنگائی اور بدحالی کے باوجود یہ اپنی عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں پمز سانحہ پر افسران کی معطلی مسلم لیگ ن کی ڈرامے بازیاں ہیں، صرف سیکرٹری ہیلتھ کو معطل کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہوگا ، تمام ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا فارم 47 سے اقتدار میں آنے والوں کے ساتھ ساتھ انہیں لانے والے بھی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں قوم کب تک یہ تماشے دیکھتی رہے گی، پورا ٹولہ عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے.
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں استعمال شدہ سرنجوں کے استعمال سے بچوں میں ایڈز پھیلنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں یہ واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ صحت کے شعبے میں بھی حکومتی نگرانی اور انتظامی نظام ناکام ہو چکا ہے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غریب آدمی بچوں کی فیسیں ادا کرے یا بجلی کے بل، آج عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے اس کے برعکس ایک چھوٹا سا طبقہ عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کر رہا ہے عوام مر رہے تھے تو مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا، مہنگائی کے بدترین حالات میں بھی حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہیں حکومت آئی ایم ایف کے ہاتھوں مجبور ہونے کا عذر پیش کرتی ہے، عوام پوچھتے ہیں کہ حکمرانوں کی مراعات اور عیاشیاں ختم کرنے میں آئی ایم ایف کی کیا رکاوٹ ہے ایف بی آر کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے، آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے عوام پر بوجھ ہیں.
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے ہے ہمیں دھرنے کا کوئی شوق نہیں، ہم عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں دھرنے کو آج 12 روز ہو گئے ہیں اور لوگ استقامت کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں ہمارا بنیادی مطالبہ ہے کہ پٹرول سستا کیا جائے اور پٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 7 ڈالر کم ہو چکی ہے ، حکومت نے اس کے باوجود پٹرول کی قیمتیں بڑھا دیں حکومت ڈھٹائی کے ساتھ پٹرول کی قیمتیں بڑھا رہی ہے، اسے لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا.
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ماضی کے دھرنوں کے نتیجے میں بجلی کے نرخوں میں 10 سے 16 روپے فی یونٹ تک فائدہ عوام کو پہنچا ہے جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کا دھندا عوام کے سامنے رکھا، اس معاملے کو پس پشت نہیں جانے دیا جائے گا جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف آئینی عدالت میں کیس بھی دائر کیا، لیکن دو ماہ کے بعد کیس کو نمبر لگایا گیا ججز چھٹی پر ہیں اور آج تک ہمارا کیس سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو سکا.
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا کہ جماعت اسلامی کی پرامن سیاسی مزاحمت کو کمزوری نہ سمجھا جائے دھرنوں کو مزید وسعت دی جائے گی، لانگ مارچ اور پہیہ جام کے آپشنز بھی موجود ہیں آج لاہور میں بڑی تعداد میں نوجوان دھرنے میں پہنچیں گے دھرنے مختلف شہروں میں پھیل چکے ہیں ، احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا. حافظ نعیم الرحمان نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی عوامی حقوق کی اس جدوجہد کا حصہ بننا چاہیے مسلسل جدوجہد کے ذریعے حکمران طبقے کو عوام کے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کیا جائے گا جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کو قومی بیانیہ بنایا ہے اور ابھی انتخابی مہم نہیں چلا رہی بنگلہ دیش میں بھی جماعت اسلامی ابھر کر سامنے آئی ہے ، جس جماعت اسلامی کو غدار کہا جاتا تھا، اس نے وہاں پونے تین کروڑ ووٹ حاصل کیے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت سمجھ رہی تھی کہ جماعت اسلامی صرف شوق پورا کرنے آئی ہے، لیکن اسے اندازہ نہیں تھا کہ ہم ڈٹ جائیں گے ہمارے دھرنوں سے وزرا کو تکلیف ہونا شروع ہو گئی ہے ، وزرا کی بیان بازی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا دھرنا کامیاب ہو رہا ہے.

WhatsApp
Get Alert