پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چند پیسے کی کمی کا نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند پیسے کی کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 50 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 19 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں می کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 371 روپے 61پیسے ہوگئی۔
نئی قیمتیں 28 اگست تک کیلئے مقرر کی گئی۔ قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ دوسری جانب سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبد الرحمان فدا نے پٹرولیم مصنوعات کی روزانہ یا ہر دو روز بعد قیمتوں کے تعین کی پالیسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے باعث صنعتی و کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ اخراجات میں مسلسل اضافے سے خام مال کی فیکٹریوں تک ترسیل اور برآمدی سامان بندرگاہوں تک پہنچانے کی لاگت بڑھ گئی ہے، جس سے ملکی برآمدات کو بھی دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یومیہ پٹرولیم قیمتوں کے تعین کی پالیسی فوری طور پر واپس لی جائے، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں کمی کی جائے اور قیمتوں کے تعین کا دورانیہ کم از کم 15 روز مقرر کیا جائے تاکہ صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو قیمتوں میں استحکام مل سکے اور پیداواری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ مزید برآں بین الاقوامی منڈیوں میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں عمومی کمی جبکہ سونے اور زرعی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رہا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے مستقبل کے سودے 1.18 ڈالر کمی کے بعد 81.05 ڈالر فی بیرل اور برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودے 1.21 ڈالر کمی سے 86.63 ڈالر فی بیرل طے پائے۔ سونے کی قیمت 13.57 ڈالر کے اضافے کے بعد 4604.64 ڈالرفی اونس جبکہ چاندی کی قیمت 0.54 ڈالرکے اضافے کے بعد 69.36 ڈالر فی اونس ہوگئی۔گندم کی قیمت 4.50 ڈالر کے اضافے کے بعد 752.75 ڈالر فی بشل اورکاٹن کی قیمت 0.09 ڈالر اضافے کے بعد 89.23 ڈالر فی بشل ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس مکئی کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا اور مستقبل کے سودے 0.75ڈالر کی کمی کے بعد 535.75 ڈالر فی بشل میں طے پائے۔

WhatsApp
Get Alert