گڈ گورننس اور شفافیت کا دارومدار جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر ہے، خواتین اور طالبات کے تحفظ کیلئے خصوصی ایمرجنسی فیچر والی ایپس متعارف، مہم کا آغاز ہوگا ‘ سرفراز بگٹی
پولیس شہداء ہمارے دلوں کے قریب ہیں، ان کے اہلخانہ کی فلاح اولین ترجیح ہے

ٹیکنالوجی کے تبادلے پر حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ؛ سندھ اور جی بی بھی ہمارے اے آئی میرٹ سسٹم سے مستفید ہو رہے ہیں
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گڈ گورننس، عوامی خدمت اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری نظام کو ڈیجیٹلائزیشن پر لانا ناگزیر ہے۔ بلوچستان پولیس کی جانب سے عوامی سہولیات، شہداء کے خاندانوں اور بالخصوص بچیوں کے تحفظ کیلئے 16 جدید ایپس کا اجرا ایک انقلابی قدم ہے۔ اس شاندار کارکردگی پر وزیراعلیٰ نے پولیس کی آئی ٹی ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے نقد انعام اور فورس کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے 5 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا۔
کوئٹہ میں بلوچستان پولیس کی جانب سے ڈیجیٹل سروسز اور موبائل ایپلی کیشنز کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پرانی 8 ایپلی کیشنز کو اپ گریڈ جبکہ 8 نئی ایپس متعارف کرائی گئی ہیں جن میں خدمت مراکز، ہاٹ لائن اور شکایات سیل شامل ہیں۔ ان اقدامات سے عام شہری کے مسائل فوری حل ہوں گے اور پولیس پر عوامی اعتماد بحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندان ہمارے دلوں کے قریب ہیں اور ان ایپس کے ذریعے ان کی ویلفیئر اور دیکھ بھال کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خواتین کی خودمختاری اور تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز تعینات کی گئی ہیں، بچیوں کو پنک اسکوٹیز، پنک بسیں اور بین الاقوامی اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔ ورک پلیس یا سفر کے دوران ہراسانی کے تدارک کیلئے متعارف کرائی گئی ایپ کے تحت بچیاں صرف ایک کلک پر پولیس اور والدین کو ایمرجنسی الرٹ بھیج سکیں گی۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے پولیس ڈیجیٹلائزیشن میں تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ اور گلگت بلتستان کی حکومتیں بھی بلوچستان کے جدید اے آئی ٹیسٹنگ سسٹم کو اپنا رہی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست شہداء کے وارثین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
