پمز سانحہ کے بعد وزیر صحت کے پاس عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں، اسد قیصر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے یہاں روایتی بحث ہو رہی ہے کہ خدا نخواستہ اگر ہم اپنی طرف دیکھیں، ہمارے بال بچے ہوں، یا یہ واقعہ ان وزراء صاحبان یا اراکینِ قومی اسمبلی کے بچوں کے ساتھ پیش آیا ہوتا تو اُن کے کیا احساسات ہوتے؟ آج ہم اپنی سیاست کے لیے تقریریں کر رہے ہیں، لیکن میں جو بات کر رہا ہوں، وہ دل سے کر رہا ہوں۔ مجھے اس واقعے پر تکلیف ہے اور مجھے اس بات کا احساس ہے کہ ان معصوم بچوں کے والدین کس کرب سے گزر رہے ہیں۔
پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے بتایا گیا ہے کہ ایک ڈپٹی کمشنر کے ماتحت ایک انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے جو اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔ یہ ایک مذاق ہے۔ یہ بہت بڑا سانحہ ہے اور اس کی تحقیقات کسی معمولی انتظامی کمیٹی کے ذریعے نہیں ہونی چاہئیں۔ یہ لوگ کہتے ہیں کہ صرف وزیرِ صحت استعفیٰ دیں۔ وزیرِ صحت کے پاس تو کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ وہ اپنے عہدے پر رہیں، لیکن یہ اجتماعی ذمہ داری (Collective Responsibility) کا معاملہ ہے۔ اس سانحے کی ذمہ داری صرف ایک فرد پر عائد نہیں ہوتی بلکہ تمام متعلقہ حکام اور ذمہ دار اداروں کا بھی تعین ہونا چاہیے۔ میں پمز واقعے کی شفاف، غیر جانب دارانہ اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں۔ میرا مطالبہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، جو اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے، ذمہ داران اور مجرمان کا تعین کرے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائے۔ میں یہ بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ پارلیمانی کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے تاکہ حقائق قوم کے سامنے آئیں اور آئندہ ایسے افسوس ناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
اسد قیصر نےمزید کہا مجھے آج بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پمز ہسپتال میں جو افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے اور جس طرح معصوم بچوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں، اس پر پاکستان کا ہر شہری سوگوار ہے۔ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اُن کے والدین، اور خاص طور پر اُن کی مائیں، کس کرب سے گزر رہی ہیں۔مجھے اس بات پر بھی افسوس ہے کہ یہ ہسپتال پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے دل میں قائم ہے۔ اگر اسلام آباد کے ہسپتالوں کی یہ صورتِ حال ہے تو باقی پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے۔
