ملائیشین ایئرلائنز کی کراچی کیلیے پروازیں جلد شروع ہونے کا عندیہ

کراچی(قدرت روزنامہ) ملائیشین ایئرلائنز کی کراچی کے لیے پروازیں جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملائیشیا کے نو تعینات قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی تجارت کا حجم بڑھانے اور عوامی و کاروباری روابط مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی و کاروباری وفود کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشین سیاحوں کے لیے پاکستان میں بے شمار پرکشش سیاحتی مقامات موجود ہیں۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ دونوں ممالک کے فلم فیسٹیولز کا انعقاد ثقافتی اور معاشرتی روابط کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرجیکل آلات کی دنیا بھر میں طلب ہے اور اس شعبے میں ملائیشیا کے ساتھ تعاون بڑھایا جاسکتا ہے۔

اس دوران ملائیشیا کے قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے جلد ملائیشین ایئرلائنز کی کراچی کے لیے پروازوں کے آغاز کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکانومی ڈپلومیسی کا فروغ ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

ملائیشین قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوں اور سولر انرجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان عوامی اور کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert