عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ دونوں ڈٹے ہوئے ہیں کہ نو ڈیل! نجم سیٹھی کا دعویٰ

ایک خاموش انڈر اسٹینڈنگ یہ ہے کہ گالی گلوچ بند کی جائے، اسمبلیوں میں واپس آ کر کام کیا جائے، حکومت کے ڈھائی تین سال گزر چکے، اتنے ہی باقی ہیں پھر نئے الیکشنز خود بخود ہوں گے؛ سینئر صحافی کا تجزیہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے ملک کے تازہ ترین سیاسی حالات، عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور لندن کے لارڈز ٹیسٹ تنازعہ پر اہم انکشافات کیے ہی، ان کا کہنا ہے کہ نہ عمران خان کوئی ڈیل کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ کوئی ڈیل کرنا چاہتی ہے، دونوں ڈٹے ہوئے ہیں کہ نو ڈیل۔ اپنے پروگرام میں نجم سیٹھی نے پمز واقعے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پمز واقعے کا عمران خان کے کیس سے براہِ راست تعلق تو نہیں لیکن اب یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ عمران خان کو پمز لے جایا جائے، حکومت اپنا کیس ہار چکی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ کسی بھی سرکاری ہسپتال میں عمران خان کو محفوظ علاج نہیں مل سکتا، اگر حکومت کے اندر تھوڑی سی بھی عقل ہے تو عمران خان کو شفاء ہسپتال خود ہی منتقل کردے۔


انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے دوران سکائی سپورٹس پر عمران خان کے بیٹوں کے نشر ہونے والے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ تمام کارروائی پہلے سے طے شدہ تھی، جب عمران خان کی سابقہ بیوی جمائمہ اور ان کے بھائی نے دیکھا کہ کرکٹ کے 21 سابق کپتانوں کے خط کو بین الاقوامی سطح پر خاطر میں نہیں لایا گیا تو یہ نیا طریقہ اختیار کیا گیا، انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور سکائی سپورٹس کو سب معلوم تھا اور یہ وہی تکنیک ہے جو اس سے قبل امریکہ کے کانگریس مینز کو خطوط لکھوا کر استعمال کی جاتی تھی۔


سیدہ عائشہ ناز کے اس سوال پر کہ ’شفیع جان خیبر پختونخواہ سے 20 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ کر رہے ہیں‘، اس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ 20 لاکھ تو دور کی بات یہ 20 ہزار لوگ بھی لے آئیں تو بڑی بات ہے اور انہیں آنے بھی نہیں دیا جائے گا، اصل معروضی حقیقت سڑکوں پر خوار ہونا نہیں بلکہ اعتماد کی بحالی ہے، نہ تو عمران خان مکمل ڈیل چاہتے ہیں اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ مگر ایک خاموش انڈر اسٹینڈنگ یہ ہے کہ گالی گلوچ بند کی جائے، اسمبلیوں میں واپس آ کر کام کیا جائے، حکومت کے ڈھائی تین سال گزر چکے ہیں اور اتنے ہی باقی ہیں، جس کے بعد نئے الیکشنز خود بخود ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert