متنازعہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن تنظیم نو ترمیمی بل 2026ء واپس

بل میں ٹیلی کام کمپنیوں کو آپٹیکل فائبر بچھانے یا ٹاور لگانے کیلئے جگہ نہ دینے یا اس میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے لیے 5 کروڑ روپے تک جرمانے کی شق رکھی گئی تھی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تنظیم نو ترمیمی بل 2026ء کو سینیٹ سے واپس لے لیا، سینیٹ اجلاس کے دوران بل واپس لینے کی تحریک وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی بجائے وزیرِ مملکت طلال چوہدری کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بل واپس لیے جانے کے معاملے پر اہم وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ سینیٹ سے بل واپس لینے کی رسمی درخواست جمع کرا دی گئی ہے، بل کی آئینی و قانونی 90 روزہ مدت ختم ہونے کے بالکل قریب تھی، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم اس بل کو واپس نہ لیتے تو قانون کے مطابق یہ معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو بھیجنا پڑتا، تاہم فی الحال پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے کوئی حتمی یا فوری امکان موجود نہیں تھا، قانونی کارروائی اور عمل کو بلا تاخیر، شفاف انداز سے اور تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے سینیٹ سے یہ بل واپس لیا گیا ہے۔
انہوں نے قوم کو اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام ضروری، جدید اور بنیادی نکات کو نئے مسودے میں شامل کرتے ہوئے جلد ایک نیا، بہتر اور جامع بل ایوان میں پیش کرے گی، تاکہ ملک میں ٹیلی کام سیکٹر کی تنظیمِ نو کے قانونی عمل کو زیادہ مؤثر اور مضبوط انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ واضح رہے کہ بل میں ٹیلی کام کمپنیوں کو آپٹیکل فائبر بچھانے یا ٹاور لگانے کیلئے جگہ نہ دینے یا اس میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے لیے 5 کروڑ روپے تک جرمانے کی شق رکھی گئی تھی، اس بل پر نجی املاک کے حقوق اور جرمانوں کی سخت شقوں کی وجہ سے عوامی اور سیاسی حلقوں میں بحث اور تحفظات پائے جاتے تھے، قانون سازی کی 90 دن کی مدت پوری ہونے کے قریب ہونے اور مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر حکومت نے یہ بل سینیٹ سے باضابطہ طور پر واپس لے لیا اور اعلان کیا کہ تمام متعلقہ پہلوؤں کو دیکھ کر ایک نیا اور جامع بل لایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert