خضدار: اسماء جتک کے والد کے قتل کیس میں انجیرہ میں بڑے پیمانے پر چھاپے، 6 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور گاڑیاں برآمد
ڈی آئی جی خضدار رینج وزیر خان ناصر اور ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی کی پریس کانفرنس میں کارروائی کی تفصیلات

4 اگست کو ویڈیو جاری کرنے کے چند گھنٹے بعد والد کو قتل کیا گیا تھا، کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا: پولیس
خضدار (قدرت روزنامہ)خضدار پولیس نے اسماء جتک کے والد کے قتل کے مقدمے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے علاقہ انجیرہ کے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور دو گاڑیاں بھی پولیس نے قبضے میں لے لیں۔
ڈی آئی جی خضدار رینج وزیر خان ناصر اور ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ اسماء جتک کے والد کے قتل کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا تھا۔ یاد رہے کہ 4 اگست 2026 کو اسماء جتک نے ایک ویڈیو جاری کرکے ملزم ظہور جمالزئی سے اپنے خاندان کو خطرے سے متعلق بتایا تھا جس کے چند گھنٹے بعد ان کی رہائشگاہ کے باہر ان کے والد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اس قتل کے بعد پورے بلوچستان میں آواز بلند ہوئی تھی۔
