وزیراعظم نے پمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد کو عہدوں سے فارغ کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) آتشزدگی کے واقعے پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔ اجلاس میں واقعے کے ذمہ دار 8 افراد کو فوری معطل کرنے اور ان کے خلاف محکمانہ و فوجداری کارروائی کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی کی جانب سے نشاندہی کردہ ذمہ داران کے خلاف نہ صرف ڈیپارٹمنٹل کارروائی بل کہ فوجداری قوانین کے تحت بھی کارروائی کی جائے۔

کمیٹی کی جانب سے نشاندہی کیے گئے 8 افراد میں پمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور چوہدری ڈاکٹر وارث علی شاہ، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئیر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی پمز محمد عثمان اور سی ڈی اے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمن شامل ہیں۔

وزیراعظم نے بلاامتیاز فوجداری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے سیکیورٹی پر مامور کمپنی اور اس کے عہدیداران کے خلاف کارروائی کی بھی منظوری دی۔

وزیراعظم نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارہ خدمت دینے اور ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے وارڈ میں موجود ایک اور نرس اور خاتون گارڈ کو او ایس ڈی بنا کر مزید تحقیقات کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر محمد سلمان، سی ای او این آئی ایچ کو پمز کا ایکٹنگ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر تعینات کیا جائے، جب کہ جن افراد کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ان کی جگہ نئے افراد کی فوری اور یکمشت تعیناتی کی جائے۔

وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کو فوری طور پر پبلک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ رپورٹ کچھ ہی دیر میں وزارت قومی صحت کی ویب سائٹ پر آویزاں کردی جائے گی۔

اجلاس میں تقریباً دو منٹ پر محیط واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی چلائی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پمز میں آتشزدگی یا ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے حوالے سے کوئی تفصیلی ایس او پیز یا ٹریننگ موجود نہیں۔

بریفنگ کے مطابق پمز کے 13 ایس او پیز میں صرف دو ذیلی سیکشنز میں آگ یا ہنگامی صورتِ حال کا تذکرہ پایا گیا۔ واقعے کے وقت سپروائزری اسٹاف ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا، جب کہ دو نرسیں، ایک خاتون گارڈ اور ہاؤس آفیسر وارڈ میں موجود تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آگ لگنے اور پورا وارڈ جلنے میں صرف دو منٹ کا مختصر وقت لگا۔ ایک نرس نے وارڈ میں آگ پھیلنے سے پہلے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ایک بچے کی جان بچائی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آگ لگنے کے 6 منٹ بعد ایمرجنسی سروسز کو کال گئی، جب کہ پہلا ایمرجنسی ریسپانس اس کے 15 منٹ بعد پہنچا۔ صرف ایک ماہ پہلے جولائی میں پمز کے نرسنگ ہاسٹل میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم اس کے بعد ہسپتال میں حفاظتی اقدامات کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

بریفنگ کے مطابق وارڈ میں کوئی فائر الارم اور سپرنکلر سسٹم موجود نہیں تھا، جب کہ نیو نیٹل وارڈ میں ڈبلیو ایچ او کے اس حوالے سے تمام تر قوائد کی خلاف ورزی پائی گئی۔ اسپتال میں آگ جیسی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کوئی افسر موجود نہیں تھا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو اضافی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

اجلاس کو اسپتال کی خستہ حالت اور بد انتظامی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب لوگ کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، اس واقعے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معصوم بچوں کی موت ایک ایسا اندوہناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم غمگین ہے، بچوں کے والدین کے ساتھ ان سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں ہیں۔ واقعے کے ذمہ داران کو مثالی سزا دلوائی جائے گی تاکہ دوبارہ کسی کی مجرمانہ غفلت سے کسی ماں سے اس کا لخت جگر جدا نہ ہو۔

وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی جانب سے کمال ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے باوجود تباہی سے کچھ لمحے پہلے بھاگ کر ایک بچے کو بچانے کے عمل پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے کمال ذمہ داری اور انسانیت کا بہترین ثبوت دیا۔ اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچے کی جان بچانے پر ان سمیت پوری قوم کو نرس رضیہ نورین پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ شاہد خان اور تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور تحقیقات مکمل کرکے مزید تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سید مصطفی کمال، کمیٹی کے سربراہ شاہد خان، ارکان بیرسٹر نبیل اعوان، میجر جنرل (ر) خورشید اترا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert