پولیس اہلکار نے تھانے کے ویٹنگ روم میں بیٹھے شخص کے منہ پر جوتا دے مارا

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) راولپنڈی کے تھانہ گوجر خان میں باوردی پولیس اہلکار کی جانب سے تھانے میں بیٹھے ایک شہری کے چہرے پر جوتا مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سی پی او راولپنڈی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ کانسٹیبل کو فوری معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا۔ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی میں ایک مکان پر مبینہ طور پر قبضے کے تنازعہ پر فریقین کے درمیان لڑائی جھگڑا ہوا، جس پر ون فائیو 15 کی کال پر دونوں فریقین کو تھانہ گوجر خان منتقل کیا گیا، اس دوران فیاض ججی نامی شہری بغیر جوتوں اور پھٹے ہوئے کپڑوں میں تھانے کے اندر موجود تھا۔
بتایا گیا ہے کہ ویٹنگ روم میں بیٹھے دوسرے فریق اور فیاض ججی کے درمیان تکرار ہوئی تو اسی اثنا میں ایک مسلح باوردی پولیس کانسٹیبل ہاتھ میں جوتا اٹھائے آیا اور خاموش رہنے کا حکم دیتے ہوئے فیاض ججی کے چہرے پر زور سے جوتا رسید کر دیا، وہاں موجود دیگر افراد کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ یہ شخص تھانے میں بیٹھ کر بھی دھمکیاں دے رہا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر پولیس کی اس بربریت اور تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا، تھانہ گوجر خان کے کانسٹیبل احتشام کو فوری طور پر معطل کرکے کلوز لائن کر دیا گیا ہے اور چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ سی پی او نے ایس پی صدر کو واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے، سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے کسی بھی شہری پر تشدد یا ناروا سلوک کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert