ترکیہ کا یومِ فتح، پاک ترک دوستی کے نام خصوصی نغمہ جاری

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے برادر اسلامی ملک ترکیہ کے یومِ فتح کے موقعے پر خصوصی نغمہ “دو دل ایک جان” جاری کردیا ہے جو دونوں ممالک کی دوستی کے جذبے سے بھرپور ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے بیک وقت اردو اور ترک زبان میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین برادرانہ و تاریخی تعلقات، مشترکہ ثقافت اور باہمی روابط کی خوبصورت انداز میں عکاسی کی۔
شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خصوصی گیت دو دل ایک جان کی موسیقی علی مصطفیٰ نے تیار کی جبکہ اس کی کمپوزیشن کا سہرا کامران اللہ اور سامعہ گوہر کے سر جاتا ہے۔ نغمے میں ڈاکٹر مبشرہ حفیظ اور عثمان رئیس نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ نغمے کی خصوصیت یہ ہے کہ اس پیشکش میں اردو اور ترک زبان کا امتزاج تو موجود ہے تاہم تمام گلوکار اور فنکار پاکستانی ہیں۔ نغمے کا مقصد ترکیہ کے یوم فتح کے موقعے پر ترک قوم کو مبارکباد دینا اور پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔
دو دل ایک جان کے نام سے ترتیب دئیے گئے نغمے میں ترکیہ کے روایتی ساز باقلاما اور ودریوکا کی دلکش دھن شامل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رباب کا بھی استعمال کیا گیا جس سے پاک ترک دوستی کی اہمیت خوبصورتی کے ساتھ اجاگر ہوتی ہے۔
