خلائی جج، خلائی استغاثہ، خلائی گواہ ، خلائی وکیل، ’’موت زمینی“

کسی فرد کو سزائے موت سنائی جا سکتی ہے، اسے یہ علم تک نہ ہو کہ اس کا مقدمہ کس جج نے سنا، استغاثہ کس نے پیش کیا، اس کے خلاف شہادت کس نے دی؛ صدر سی پی این ای کاظم خان کا پنجاب انسدادِ دہشت گردی بل پر تبصرہ


لاہور(قدرت روزنامہ)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر اور سینئر صحافی کاظم خان نے پنجاب اسمبلی میں ممکنہ طور پر جلد ہی پاس کیے جانے والے انسدادِ دہشت گردی (پنجاب ترمیم) بل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عدالتی انصاف کا قتل قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تبصرے میں کاظم خان نے لکھا کہ پنجاب اسمبلی میں ایک نیا انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل پاس ہونے کو تیار ہے، جس کا یہ ہے خلاصہ کہ خلائی جج، خلائی استغاثہ، خلائی گواہ، خلائی وکیل اور موت زمینی۔
انہوں نے آسان الفاظ میں اس کی تشریح کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس ترمیم کے تحت کسی بھی شہری کو سزائے موت سنائی جا سکتی ہے، جبکہ اس بے گناہ یا متوقع ملزم کو یہ علم تک نہیں ہوگا کہ اس کا مقدمہ کس جج نے سنا، اسے یہ تک معلوم نہیں چلے گا کہ اس کے خلاف استغاثہ کس نے پیش کیا اور اس کے خلاف شہادت یا گواہی دینے والا کون تھا۔


سی پی این ای کے صدر نے کہا یہاں تک کہ ملزم کے ساتھ کھڑا وکیل واقعی اس کا اپنا قانونی نمائندہ ہے بھی یا حکومت یا افسران کا کوئی نمائندہ، اسے اس کا علم بھی نہیں ہونے دیا جائے گا۔
کاظم خان نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے اس ترمیم کو ایوان سے پاس کروانے کی تیاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ’انا للہ وانا الیہ راجعون‘ کے کلمات لکھ کر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert