کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر گرفتاری اور دکان سیل کرنے کا حکم

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں کھلے خشک دودھ کی فروخت اور اس کے مضر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ کھلے خشک دودھ کے پیکٹ یا ڈبے پر ایکسپائری ڈیٹ، اجزا اور دیگر ضروری معلومات درج نہیں ہوتیں، جس کے باعث غیر محفوظ دودھ کا استعمال بالخصوص بچوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔
انتظامیہ نے شہر بھر کے تمام دکانداروں کو کھلا خشک دودھ فروخت کرنے سے فوری طور پر گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا دکان یا گودام سے کھلا خشک دودھ برآمد ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔خلاف ورزی میں ملوث افراد کو گرفتار جبکہ متعلقہ دکان سیل کردی جائے گی۔ میڈیکل اسٹورز پر بھی کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔شہر بھر کے میڈیکل اسٹورز کی بھی کڑی چیکنگ کی جائے گی، جبکہ کارروائیوں کے لیے فوڈ اتھارٹی، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ کھلے خشک دودھ کی فروخت کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے گی۔
