سوشل میڈیا نے میری بات بھی پکی کروا دی، منگنی اور شادی بھی کروا دی ہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا نے میری بات بھی پکی کروا دی، منگنی اور شادی بھی کروا دی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایک تو سوشل میڈیا نے میری بات پکی کروادی، منگنی اور شادی بھی کروادی ہے، میں واضح کروں کہ ایسا کچھ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی میں کسی پرنسز گلوریا کو جانتا ہوں، سوشل میڈیا پر یہ تماشے حقیقی ایشوز پر سے توجہ ہٹانے کے لئے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دارلحکومت میں سانحہ پمز میں 14 بچے فوت ہوئے ہیں، ایک وزیر جو پاکستان کا گورباچوف بننا چاہتا ہے ، ہمارے ملک کے 30 ٹکڑے کرنا چاہتا ہے، خود ایک ہسپتال نہیں سنبھال سکتا،اس وقت جب لاہور کا ایک وزیر لاہور کے بزنس مین سے کہہ رہا ہے کہ صوبے بناؤ اور چلاؤ۔
جب سندھ اسمبلی اپنا ٹھوس مئوقف پیش کرتی ہے کہ صوبوں کی تقسیم کی بات نہ سڑکوں پر ہوسکتی ہے اور نہ ہی لاہور کے بزنس فورم پر ہوسکتی ہے۔ وہ اسمبلی جو پاکستان میں سب سے پہلے شامل ہوئی، اسی سندھ اسمبلی میں بات ہوگی اور فیصلہ ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر میری زندگی کا کوئی ایسا فیصلہ ہوا تو خاندان کی طرف سے ہی اعلان ہوگا، تب اصل ایشو پر دھیان دیں اور سوشل میڈیا تماشا کو نظر انداز کریں۔

WhatsApp
Get Alert