’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر علی پرویز ملک کی تسلیاں‘
اچھی خبر آئے گی آپ بے فکر رہیں، سعودی عرب اور ترکی سے بھی اچھی خبر آئےگی، عمان سے اچھی خبر آ گئی ناں، وہ 200 ملین ڈالر کا ادھار تیل دینے پر راضی ہو گئے ! وفاقی وزیر کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویزملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان عوام کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں اچھی خبر ملے گی، نجی ٹی وی کی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کے لیے مختلف ممالک سے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ سعودی عرب سے بھی اچھی خبر آئے گی جبکہ ترکیہ سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ انہوں نے عمان کی جانب سے ملنے والی سہولت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمان پہلے ہی 200 ملین ڈالر کے اُدھار پر پاکستان کو پیٹرول فراہم کرنے پر رضامند ہو چکا ہے۔ علی پرویز کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عالمی سطح پر مختلف ذرائع سے پیٹرولیم مصنوعات کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔
اچھی خبر آئے گی آپ بے فکر رہیں سعودیہ سے بھی اچھی خبر آئے گی ترکی سے بھی اچھی خبر ائے گی عمان سے اچھی خبر آ گئی نا وہ 200 ملین ڈالر کا ادھار تیل دینے پر راضی ہو گئے ! علی پرویز ملک ۔۔
قرض لینا اچھی خبر ہے ۔۔۔ pic.twitter.com/67yMkLNSki— AMJAD KHAN (@iAmjadKhann) August 31, 2026
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قیمتوں کے حوالے سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھاکہ کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران خطے کی صورتحال کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں سپلائی اور قیمتوں کے حوالے سے شدید چیلنجز سامنے آئے تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی بحران کے دوران توانائی کی عالمی منڈیوں میں دستیابی کے مسائل پیدا ہوئےکیونکہ متعدد ممالک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیےدرآمدات اور مختلف ذرائع پر انحصار کرتے ہیں، سپلائی میں رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں اضافے نے دنیا بھر میں حکومتوں، عوام اور کاروباری شعبے کے بجٹ کو متاثر کیا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے تقریباً 130 ارب روپے اپنے وسائل سےاستعمال کیے تاکہ عوام کو موجودہ مشکل صورتحال میں سہارا فراہم کیا جا سکے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کمزور طبقات کو بھی سپورٹ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔
