اداکار سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر وائرل غیراخلاقی ویڈیو کلپ پر معذرت کرلی

مجھے احساس ہوا ہے کہ میرے گھر میں بھی میری ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، گردش کرنے والا یہ کلپ تقریباً 10 سال پرانا ہے، شرمندگی اور افسوس ہے کہ مجھے اُس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، اداکار کی انسٹا پوسٹ


لاہور(قدرت روزنامہ) اداکار سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک غیر اخلاقی ویڈیو کلپ پر مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے وضاحت پیش کردی ہے۔ چند روز قبل اداکار کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کرنے لگا تھا، جس میں وہ ایک خاتون اداکارہ کے ہمراہ نظر آئے تھے۔ مذکورہ کلپ دراصل ایک فلم کے مناظر پر مشتمل تھا، تاہم اس میں دکھائے گئے مناظر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
وائرل ویڈیو کے بعد متعدد صارفین نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بعض نے ان کے انتخاب پر مایوسی کا اظہار کیا۔ صورتحال کے بعد سہیل سمیر نے خود سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے ویڈیو کے حوالے سے وضاحت پیش کی اور ان تمام افراد سے معذرت کی جنہیں اس کلپ سے دکھ یا تکلیف پہنچی۔
سہیل سمیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ان تمام لوگوں سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں اس وائرل کلپ کی وجہ سے دکھ، تکلیف یا مایوسی ہوئی۔
اداکار نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا یہ کلپ تقریباً 10 سال پرانا ہے۔


اداکار نے کہا ‘اُس وقت شاید مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میری کوئی پرانی حرکت مستقبل میں اس طرح سامنے آسکتی ہے لیکن آج جب یہ کلپ دوبارہ وائرل ہوا ہے تو مجھے احساس ہوا کہ میرے گھر میں بھی میری ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، میں سوچتا ہوں کہ اگر میری اپنی فیملی کے کسی فرد کے بارے میں ایسا مواد سامنے آئے تو مجھے کیسا محسوس ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ مجھے واقعی شرمندگی اور افسوس ہے کہ مجھے اُس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، چاہے حالات کیسے بھی تھے، عزت بنانے میں سالوں لگ جاتے ہیں لیکن اسے ختم ہونے میں صرف ایک لمحہ لگتا ہے، میں اپنی غلطی کو تسلیم کرتا ہوں اور اس پر دل سے شرمندہ ہوں، میری سب سے درخواست ہے کہ مجھے معاف کردیں’۔ اداکار کی جانب سے وضاحت سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے بیان پر مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert