زیارت کراس پر دہشتگرد حملہ، 5 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر پاکستان تحریک انصاف کا اظہارِ افسوس


زیارت(قدرت روزنامہ)پشین کے علاقے زیارت کراس پر پولیس چوکی اور کسٹم ویئر ہاؤس پر مسلح حملے کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر پاکستان تحریک انصاف گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔
پانچ اہلکاروں کی شہادت محض ایک افسوسناک واقعہ نہیں بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناقص سیکیورٹی پالیسی، کمزور انٹیلی جنس نظام اور انتظامی ناکامی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ جب حساس سرکاری تنصیبات بھی دہشتگردوں کے آسان اہداف بن جائیں تو حکومتوں کو اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا۔
وفاقی حکومت اور بلوچستان کی صوبائی حکومت محض مذمتی بیانات اور رسمی اعلانات تک محدود رہنے کے بجائے قوم کو بتائیں کہ سیکیورٹی کے نام پر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود مسلح عناصر حساس مقامات تک کیسے پہنچتے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا تحفظ کیوں یقینی نہیں بنایا جا سکا۔
پاکستان تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ زیارت کراس حملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، سیکیورٹی میں غفلت کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
حکومتیں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے قومی سلامتی کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی، بروقت انٹیلی جنس اور سیکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔

WhatsApp
Get Alert