رمیز راجہ کا کیس خراب ہوگیا، بڑی مشکل میں پڑیں گے، سینیٹر افنان اللہ کی وارننگ

عمران خان کے حوالے سے ایک منظم مہم شروع کی گئی، جو صہیونی لابی نے شروع کی، جس میں ان کے اہم کارندے رمیز راجہ بھی شامل ہوگئے، ہم اب ان کی حرکتیں برداشت نہیں کریں گے؛ مسلم لیگ ن کے رہنماء کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سینیٹر افنان اللہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے حق میں بین الاقوامی سطح پر ایک منظم مہم شروع کی گئی ہے، جس میں صہیونی لابی اور اس کے اہم کارندے رمیز راجہ شامل ہیں۔
مختلف انٹرویوز میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو سیاسی اور عالمی سطح پر سہارا دینے کے لیے ایک خاص مہم کا آغاز کیا گیا ہے، اس مہم کو اصل میں صہیونی لابی کی پشت پناہی حاصل ہے اور بدقسمتی سے رميز راجہ بھی اس لابی اور مہم کے اہم کارندے کے طور پر سامنے آ چکے ہیں۔


حکمران جماعت کے سینیٹر نے سابق کرکٹر کو کھلی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ رمیز راجہ کا کیس اب بہت خراب ہو چکا ہے اور وہ ان حرکتوں کی وجہ سے کسی بھی دن انتہائی بڑی قانون و سیاسی مشکل میں پھنس سکتے ہیں، مسلم لیگ ن اور حکومت اب ان کی اس قسم کی سرگرمیوں کو کسی صورت مزید برداشت نہیں کرے گی۔


رمیز راجہ کی ذاتی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نشانہ بناتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ نے مزید کہا کہ رمیز راجہ نہ تو ماضی میں اچھے کھلاڑی تھے، نہ وہ ایک اچھے کمنٹیٹر ہیں اور نہ ہی وہ ایک اچھے انسان ثابت ہوئے ہیں، رمیز راجہ دورانِ کمنٹری بھی ایسی باتیں اور تبصرے کرتے ہیں جس سے عالمی سطح پر ملک کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کھیل اور بورڈ کے معاملات میں ایسے افراد کو آگے لایا جانا چاہیے جو ذاتی اور سیاسی مفادات کے بجائے ملک و قوم کا مفاد محفوظ کر سکیں۔

WhatsApp
Get Alert