وندر: ٹرالر اور وین میں خوفناک تصادم، ایک شخص جاں بحق، 4 شدید زخمی

وندر (قدرت روزنامہ)کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ این-25 پر وندر کے قریب کھرکھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ کے مقام پر ٹرالر اور وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو رپورٹ کے مطابق حادثے میں نزیر شاہ جاں بحق جبکہ حضرت گل، موخت احمد، علی حسن اور حنیف شدید زخمی ہوئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی MERC ریسکیو سینٹر 1122 وندر کی ایمرجنسی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق شخص اور زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو سینٹر وندر منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔شدید زخمیوں کی حالت کے پیش نظر ریسکیو سینٹر وندر کی ایمبولینسز کے ذریعے انہیں مزید علاج و معالجے کے لیے ٹراما سینٹر کراچی منتقل کردیا گیا۔
