پنجاب میں اب ٹیچرز تعلیم دینے کے علاوہ سکولوں میں سبزیاں بھی اگائیں گے، مراسلہ جاری

لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کچن گارڈننگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو طلبہ کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ سکول کی حدود میں سبزیاں بھی اگانا ہوں گی، پنجاب بھر کے تمام ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اضلاع کی سطح پر اس فیصلے پر عملدرآمد کی خود نگرانی کریں اور غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف انتظامی کارروائی کی جائے۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے اس سلسلے میں ایک باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں موسمی سبزیوں کی کاشت کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ سکولوں کی خالی زمین کو کارآمد بنایا جا سکے جب کہ تمام سرکاری سکولوں کے پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو فیصلے پر بغیر کسی تاخیر کے سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب میں سرکاری سکولوں میں تعلیم کے ساتھ اب سبزیاں بھی اگانا ہونگی، محکمہ تعلیم کی سخت ہدایات
تعلیمی اداروں میں موسمی سبزیوں کی کاشت یقینی بنائی جائے، سبزیوں کی کاشت اورب دیکھ بھال کے لیے اسکول کا ذمہ دار شخص مقرر کیا جائے۔
تعلیمی اداروں میں موسمی سبزیوں کی کاشت یقینی بنائی…— Muhammad Zeeshan Awan (@surrakimuhammad) September 1, 2026
جاری کردہ مراسلے میں سکول انتظامیہ کو واضح احکامات دیئے گئے ہیں کہ ہر سکول کا ہیڈ ماسٹر یا پرنسپل ایک ایسے ذمہ دار شخص کو مقرر کرے گا جو سبزیوں کی کاشت، پانی دینے اور ان کی روزمرہ کی دیکھ بھال کا پابند ہوگا، منصوبے کی شفافیت اور پیشرفت کو جانچنے کے لیے تمام سکولوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سبزیوں کی نگہداشت اور ان کی افزائش کی تصاویر روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد سکول کے بچوں میں ماحول دوستی، کچن گارڈننگ کی تربیت اور خود انحصاری کے جذبے کو فروغ دینا ہے، اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں خالی پڑی زمین کا مثبت استعمال ممکن ہو سکے گا اور اگائی جانے والی تازے اور زہر سے پاک سبزیوں کو سکول کے فلاحی کاموں یا طلبہ کے لیے استعمال میں لایا جا سکے گا۔
